افغانستان کا مسئلہ جنگ کے ذریعے نہیں بلکہ صرف مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔, صدر مملکت ممنون حسین

آستانہ (قزاخستان) ۔ 12 ستمبر (ڈی این ڈی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ کے ذریعے نہیں بلکہ صرف مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان افغانستان میں استحکام کے لئے اپنے افغان بھائیوں کی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستانی ماہرین تعلیم اور دانشوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں قزاخستان میں پاکستان کے سفیر عبدالسالک خان ، کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی نعیم خان ، ڈائریکٹر جنرل سائنس و ٹیکنالوجی عرفان شوکت اور پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صدر جو ہفتہ کو چار روزہ سرکاری دورہ پر آستانہ پہنچے تھے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان سے باصلاحیت افراد کے ملک چھوڑ کر جانے کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب پاکستانی ماہرین تعلیم اور پروفیشنلز اپنی مادر وطن میں خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قزاخستان میں پاکستانی تارکین وطن خدمات انجام دے رہے ہیں جو ملک کے لئے نیک نامی کاباعث ہیں۔ صدر نے کہاکہ حکومت کی دانشمندانہ اور کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری فعال ہونے سے ملک میں سرمایہ کاری کی صورتحال مزید بہتر ہو گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *