پاکستان اقتصادی تباہی کی طرف بڑھ رہاہے، شیری رحمان

پاکستان اقتصادی تباہی کی طرف بڑھ رہاہے، شیری رحمان

اسلام آباد(ڈی این ڈی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عوام پر اضافی مالی بوجھ اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کے حکومت کی تباہ کن اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو قرض کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے ۔حالیہ رپورٹس کے مطابق پاکستان کی کل قرض اور واجبات گذشتہ مالی سال کے آخر تک Rs22.5 کھرب تک پہنچ چکے ہیں، یہ اعداد و شمار ایک سال میں Rs2.6 ٹریلین کا اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔ اپنی حکومت کی تباہ کن اقتصادی پالیسیوں کے باوجود وزیر اعظم نے لندن سے واپس آنے کے لئے سفر میں کروڑوں روپے خرچ کیے۔ اس طرح کے اقدامات کی وضاحت عام پاکستانیوں کے سامنے حکومت کیسے کری گی ؟شیری رحمان نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو سنگین چیلنجزکا سامنا ہے ۔ عوامی قرض، کم سرمایہ کاری ،گرتی ہوئی برآمدات، بچت کی سطح،اخراجات کی کم سطح ،ٹیکسیشن اور معیشت کے لئے عارضی اقدامات پر انحصاراہم معاشی خدشات میں شامل ہیں ، پر حکومت کو کوئی پرواہ نہیں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کی کم سطح اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ سرمایاکاروں کو پاکستان کی اقتصادی بحالی میں اعتماد نہیں کسٹمر پرائس انڈیکس کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہواہے، ایسا لگتا ہے کے حکومت معیشت کو ایڈہاک بنیاد پر چلا رہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اقتصادی پیشن گوئی اور رپورٹس کے مطابق اگر ان اقتصادی بحرانوں کو جلد از جلد کم نہیں کیا گیا تو ہم ایک معاشی تباہی کی طرف چلے جائیں گے۔

روس اور ایرن کا خام تیل کی پیداوار میں کمی بارے اوپیک کے ساتھ تعاون کا عندیہ

روس اور ایرن کا خام تیل کی پیداوار میں کمی بارے اوپیک کے ساتھ تعاون کا عندیہ
ماسکو (ڈی این ڈی) روس اور ایرن نے خام تیل کے نرخوں میں استحکام کیلئے پیداوار میں کمی بارے اوپیک کے ساتھ تعاون کا عندیہ دیا ہے۔کریملن سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق روس کے صدر ولادیمرپیوٹن اور ان کے ایرانی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس دوران انھوں نے خام تیل کی پیداوار میں کمی اور اس کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اوپیک کے ساتھ تعاون کے جذبے کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ عالمی معیشت کے استحکام کیلئے تیل کی پیداو میں کمی لازمی ہے۔یاد رہے کہ اوپیک ممالک کے وزرائے تیل کا اجلاس آج (بدھ) ویانا میں ہورہا ہے جس میں تیل کی پیداوار میں کمی اور اس کی قیمتوں میں استحکا کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔

امریکی مارکیٹ میں حصص کے نرخوں میں کمی

امریکی مارکیٹ میں حصص کے نرخوں میں کمی
نیویارک (ڈی این ڈی) امریکی مارکیٹ میں حصص کے نرخوں میں کمی ہوئی جس کی وجہ بلیک ڈے میں بھاری شاپنگ ہے۔نیویارک کے ڈاو جونز انڈسٹریل انڈکس نرخوں میں کمی کے بعد 19097.90 پوائنٹس پر رہا۔ ایس اینڈ پی۔500 انڈیکس میں 0.5 فیصدکمی ہوئی جبکہ نصداق کمپوزٹ انڈیکس 0.6 فیصد گرنے کے بعد 5368.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ایشین مارکیٹس میں خام ربڑ کے نرخ 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر

ایشین مارکیٹس میں خام ربڑ کے نرخ 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر
ٹوکیو (ڈی این ڈی) ایشین مارکیٹس میں خام ربڑ کے نرخ 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر رہے جس کی وجہ چین کی جانب سے اس کی طلب میں اضافہ ہے۔ٹوکیو کموڈٹی ایکسچینج میں خام ربڑ کے مئی کیلئے سودے 6.4 ین (2.7 فیصد ) بڑھ کر 243.3 ین (2.17 ڈالر) فی کلوگرام طے پائے۔شنگھائی فیوچر ایکسچینج میں خام ربڑ کے مئی کیلئے سودے 1035 یوان بڑھ کر 19390 یوان (2808.92 ڈالر) فی ٹن طے پائے۔سنگاپور کموڈٹی ایکسچینج میں خام ربڑ کے دسمبر کیلئے سودے 4.4 امریکی سینٹ بڑھ کر 176 سینٹ فی کلوگرام رہے

حکومت نے صوبہ بھرمیں فوڈ پراسیسنگ یونٹس لگانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی بھر پور حوصلہ افزائی کااعلان کردیا

حکومت نے صوبہ بھرمیں فوڈ پراسیسنگ یونٹس لگانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی بھر پور حوصلہ افزائی کااعلان کردیا
فیصل آباد(ڈی این ڈی )حکومت نے صوبہ بھرمیں پراسیسنگ یونٹس لگانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی بھر پور حوصلہ افزائی کااعلان کیا ہے جبکہ یونٹس لگانے والوں کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی جس سے آف سیزن میں سبزیوں و زرعی اجناس کی سستے داموں مطلوبہ دستیابی یقینی ہو سکے گی اور ٹماٹر ، پیاز ، آلو سمیت دیگر سبزیوں کی قلت جیسے بحرانوں کاسامنا بھی نہیں کرناپڑے گا۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت پنجاب اپنی منظم زرعی پالیسیوں کے ذریعے کاشتکاروں کے فائدے اور سہولت کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ فصلات کے پیداواری اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

پاکستان سب سے زیادہ پیاز پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا

پاکستان سب سے زیادہ پیاز پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا
فیصل آباد(ڈی این ڈی )پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ پیاز پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ اگر مزید اقدامات کو یقینی بنایا جائے تو پاکستان کو تیسرے یا چوتھے نمبر پر لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ دنیا بھر میں کوریا سب سے زیادہ پیاز پیدا کرنے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جہاں فی ہیکٹر 62.5ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے لیکن پاکستان فی ہیکٹر پیاز کی پیداواری صلاحیت کے لحاظ سے دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں پیاز کی اوسط پیداوار 8.2ٹن فی ہیکٹر ہے لیکن اگر پیاز کے کاشتکار ماہرین زراعت کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور سائنسی رجحانات سے استفادہ کریں تو معمولی سی محنت سے اس فی ہیکٹر پیداوار کو دوگنا سے تین گنا کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ چھوٹے پیازوں کے حصول کیلئے دسمبرکے آغاز سے وسط جنوری تک ایک ایکڑ کیلئے پنیری کی شرح بیج3سے 4کلوگرام تک ہے جبکہ درکار رقبہ ایک ایکڑ کیلئے پنیری 10سے12مرلہ تک محیط ہونی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان میں پیاز کی کاشت سال بھر کے مختلف اوقات میں کی جاتی ہے اس لیے پیاز سارا سال منڈی میں وافر مقدار میں دستیاب رہتاہے

حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ او ران کے خلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،ترجمان محکمہ ترقی خواتین

حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ او ران کے خلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،ترجمان محکمہ ترقی خواتین
لاہور(ڈی این ڈی)حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ او ران کے خلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر عملی اقدامات کئے ہیں۔ محکمہ تر قی خواتین پنجا ب کی تر جما ن نے بتا یا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، خواتین کو با اختیار بنانے اور تحفظ فراہم کرنے سے ملکی ترقی کا عمل تیز ہو جاتا ہے، خواتین کے خلاف صنفی رویوں میں تبدیلی لا کر ہی ایک مثبت معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے ہراسمنٹ ایکٹ کا نفاذ، مظلوم خواتین کی داد رسی کے لئے کرائسز سنٹرز ، شیلٹر ہومز اور ملتان میں داد رسی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں خواتین کے قانونی مسائل کے حل کے لیے خواتین پراسیکیوٹرز کا بطور فوکل پرسنز تقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر تھانے میں فوری انصاف اور داد رسی کے لئے خواتین کے ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خاتون صوبائی محتسب کے تقرر سے خواتین کو ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف آگاہی مہم تمام اضلاع میں جاری ہے جبکہ خواتین کے متعلق منفی اورمتعصبانہ سوچ کی تبدیلی کے لئے نصاب میں نئے موضوعات متعارف کرائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے ، اس کے لیے خواتین اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں گے۔

نئے پنجابی ڈرامہ سیریل ’’تخت ہزارہ ‘‘کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

نئے پنجابی ڈرامہ سیریل ’’تخت ہزارہ ‘‘کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
لاہور(ڈی این ڈی)پی ٹی وی لاہور سینٹر پر نئی پنجابی ڈرامہ سیریل’’ تخت ہزارہ ‘‘کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محسن حسن رانجھا تھے جبکہ تقریب کے دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر پروگرام پی ٹی وی آغا ذوالفقار خان جی ایم پی ٹی وی بشارت احمد خان پروگرام مینجر چوہدری افتخار ورک اور رائیٹر آصف حنیف میر شامل تھے۔اس موقع پر مہمان خصوصی محسن حسن رانجھا نے کہا کہ ڈرامہ سیریل میں جھنگ سرزمین سے تعلق رکھنے والے جدوجہد آزادی کے ہیروز اور وہاں کی لو سٹوری کا احاطہ کیا جائے گا۔ڈرامے میں پنجاب کے صحیح کلچر کی عکاسی بھی نظر آئے گی۔ڈائریکٹر پروگرام آغا ذوالفقار خان نے کہا کہ پی ٹی وی اب ہوم پروڈکشنز کو دوبارہ ترقی دے رہا ہے۔اس وقت نجی سیکٹر کے مخلص دو ڈرامے ہفتہ وار دکھائے جارہے ہیں۔جنرل مینجر بشارت احمد خان نے کہا کہ جلدہی پی ٹی وی کی کھوئی ہوئی ماضی کی روایات پھر دکھائی دیں گی۔تقریب سے پی ایم چوہدری افتخار ورک رائیٹر آصف حنیف میر اداکار انعام خان شفقت چیمہ اورنگ زیب لغاری اور دیگر نے بھی نئے ڈرامہ سیریل کے حوالے سے خوبصورت گفتگو کی جبکہ دوران تقریب گلوکارہ صائمہ اختر اور عنی طاہرہ نے گائیکی کا مظاہرہ کیا۔تقریب کی میزبانی اداکارہ شاہ جہاں اور صوبیہ نے کی۔تقریب میں اداکار شاہد اقبال عابدہ شاہین جاوید اقبال اور پروڈیوسر سجاد بخاری نے بھی شرکت کی۔