Category Archives: پاکستان

پاکستان کی خبریں

پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے آئین و قانون کی بالا دستی ضروری ھے ، وزیر داخلہ احسن اقبال

اسلام آباد۔ 03 اکتوبر (ڈی این ڈی) وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں اور نظریات کے مطابق آئین وقانون کی حکمرانی اور بالادستی کے راستے پر چل کر پاکستان کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، پاکستان کی سیاست اور جمہوریت پر پاکستان کی عوام کا حق ہے، سیاسی جماعتیں عوام کی ملکیت ہیں، کوئی جبری یا چور دروازے کا قانون سیاسی کارکنان کو اپنی جماعت سے الگ نہیں کر سکتا،پارلیمان نے مقبول سیاسی قیادت کو سیاست سے باہر کرنے کے آمریت کے دور میں بننے والے قوانین کو ختم کردیاہے، آمر نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈیننس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کا گلا گھونٹا اور ایک کالا قانون متعارف کرایا جس کا مقصد محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق وزیر اعظم کو سیاسی قیادت سے روکنا تھا، پیپلز پارٹی نے قانون کی مخالفت کرکے اپنے بانی کی سیاسی روح کو تڑپایا ہے، سپریم کورٹ کو کوئی اپنی ذاتی خواہش کے لئے سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے تو وہ پاکستان کے آئین اور انصاف کا دشمن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کویہاں کنونشن سینٹر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، کابینہ کے اراکین، ارکان پارلیمنٹ اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

زیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔ 3 اکتوبر (ڈی این ڈی ) حکومتی خبر رساں ادارے اے پی پی کی خبر کے مطابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے محمد نواز شریف کے مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے دو بارہ انتخاب کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ سال جون کے بعد ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور محمد نوازشریف کے حق میں اپنی رائے کااظہار کریں گے، نواز شریف کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کردہ منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا منشور اور مینڈیٹ ہے، لیڈر عوام کے دل میں رہتا ہے وہ قوانین سے نہیں بنتا اور عدالتوں کے فیصلوں سے ختم نہیں ہوتا، عوام کی حمایت سے ہمیشہ سرخرورہیں گے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں کنونشن سنٹر میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جہاں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف چار سالہ مدت کے لئے مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے۔ تقریب میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق، کابینہ کے ارکان ، اراکین پارلیمنٹ، مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اراکین اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما?ں و کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب کے آغاز میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو پارٹی کا صدر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخ ساز دن ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے محمد نواز شریف پر اپنے اعتماد اور یقین کااظہار کیا ہے

سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوگئے۔

سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقا عامہ ( آئی ایس پیٓر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دورہ کابل کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ افغانستان سے متعلق نئی امریکی پالیسی کے اعلان کے تناظر میں آرمی چیف کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

.ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے فرقہ وارانہ اورنسلی تعصبات ترک کردیئےجائیں

اسلام آباد (ڈی این ڈی) صدر اور وزیراعظم نے قوم پر زور دیا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے فرقہ وارانہ اورنسلی تعصبات ترک کردیئے جائیں۔یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ قربانی، اتحاد اور نظم وضبط کی عظیم خصوصیات کو فروغ دیں۔صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو انتہا پسندی جیسے تمام سیاسی اور سماجی مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہمیں حضرت امام حسین کی عظیم قربانی کی روشنی میں لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اوران کے اہلخانہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ہمیں ان تمام مقاصد اور حکمت عملی کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے جو تمام بنی نوع انسان خصوصا ہمیں درپیش مسائل کا حل فراہم کرتی ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم قربانی، اتحاد اور نظم وضبظ کی عظیم خصوصیات کے فروغ کیلئے تمام مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی تعصبات ترک کردے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں نے ثابت کیا ہے کہ سچائی کو دوام حاصل ہے اور جھوٹ فنا ہوجاتاہے۔

ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے

 اسلام آباد (ڈی این ڈی) ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے اس سلسلے میں سیکیورٹی کے پیش نظر مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ھے۔ملک بھر سے تمام شہروں کے جلوس اپنے روایتی راستوں سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہونگے، جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور حساس مقامات پر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ھے۔وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا جو پورے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا، جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سندھ میں 10 محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رکھی جائے گی۔ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 4 ہزار 281 ماتمی جلوس برآمد ہونگے اور 14 ہزار 563 مجالس منعقد کی جائیں گی ۔کراچی میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جو حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے تین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے ہیں، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے چار سو تہتر مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور اور راولپنڈی سمیت 10 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ان اضلاع میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر رکھے ہیں۔لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جو مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی گزرگاہوں کی اطراف سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق شہر میں یوم عاشور پر پولیس کے 6 ہزار اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ حساس مقامات پر پولیس کے علاوہ ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں۔ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 50 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جب کہ محرم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ھے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سی سی پی او کے مطابق پشاور میں تقریبا 120 ماتمی جلوس اور 300 سے زیادہ مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔سی سی پی او کے مطابق محرم الحرام میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر فاٹا کے ساتھ سرحد پر پولیس تعینات کی جائے گی۔ پشاور میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینہ ہال سے برآمد ہوگیا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

ملک بھر کے مختلف حصوں میں انسداد پولیو مہم(کل ) پیر کو شروع ہوگی

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (ڈی این ڈی ) حکومتی خبر رسا ں ادارے کی خبر کے مطابق ملک بھر کے مختلف حصوں میں انسداد پولیو مہم(کل ) پیر کو شروع ہوگی۔ جس کا مقصد اس مرض کاخاتمہ ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب کے چار اضلاع ملتان، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، حافظ آباد اور راجن پور میں بھی چار روزہ انسداد پولیو مہم پیر کو شروع ہوگی۔خیبرپختونخوا میں پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران تقریباً 56لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے

ازبک سفیر کی پاکستانی قومی سلامتی کے سفیر کوتاشقند میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت 

ازبک سفیر کی پاکستانی قومی سلامتی کے سفیر کوتاشقند میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت
اسلام آ با د(ڈی این ڈی) پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقو نے جمعہ کے روز پاکستان کے قومی سلامتی کے سفیر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نصیر خان جنجوعہ سے ایک ملاقات کی اور تاشقند ازبکستان میں سیکورٹی کے مستقل استحکام پر پر ہونے والی بین الااقوامی اعلی سطع کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی دعوت دی جو 9 نومبر2017 کو ہو رہی ھے۔تفصیلات کے مطابق ازبک سفیر فرقت صدیقو نے جنجوعہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ازبک حکومت پاکستان کے ساتھ سیاسی ،دفاعی، اور اقتصادی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔جنجوعہ نے بھی ازبکستان کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے سلسلے میں یقین دہانی کرائی۔یاد رہے کہ پاکستان اور ازبکستان دونوں ممالک کئی سالوں سے شاندار سفارتی تعلقات رکھتے ہیں ۔ازبک سفیر نے پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی برطانیہ میں دفاعی و سکیورٹی آلات بارے بین الاقوامی نمائش میں شرکت

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (ڈی این ڈی ) حکومتی خبر رسا ں ادارے کی خبر کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے برطانیہ میں دفاعی و سکیورٹی آلات کی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر جو برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، نے جمعہ کو دفاعی وسکیورٹی آلات کی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی اور نمائش میں پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا جہاں پر انہیں پاکستانی مصنوعات پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے نمائش میں ترک کمپنی کے سٹال کا دورہ بھی کیا ۔ رانا تنویر نے برطانوی سٹال پر نگرانی کے نظام میں گہری دلچسپی لی ۔وفاقی وزیر نے برطانوی ایرو سپیس اور الیکٹرانکس آلات کو بھی سراہا۔