All posts by NaheedNiazi

کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 فرار ہوگئے

پنجاب (ڈی این ڈی) ایک اطلاع کے مطابق لاہورمیں سگیاں پل کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 فرار ہوگئے ہیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق دریائے راوی میں سگیاں پل کے قریب ڈیرہ سائیں ساندہ تھانے کی حدود میں 7 سے 8 دہشت گردوں کے پناہ لئے جانے کی اطلاع پر اس کارروائی کو عمل میں لایا گیا جس کے د وران دو نوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 فرار ہو گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی۔ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ضرار کے نام سے ہوئی جو بہاول نگر کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو پولیس حراست سے فرار ہوا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر فرار دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

.ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے فرقہ وارانہ اورنسلی تعصبات ترک کردیئےجائیں

اسلام آباد (ڈی این ڈی) صدر اور وزیراعظم نے قوم پر زور دیا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے فرقہ وارانہ اورنسلی تعصبات ترک کردیئے جائیں۔یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ قربانی، اتحاد اور نظم وضبط کی عظیم خصوصیات کو فروغ دیں۔صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو انتہا پسندی جیسے تمام سیاسی اور سماجی مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہمیں حضرت امام حسین کی عظیم قربانی کی روشنی میں لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اوران کے اہلخانہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ہمیں ان تمام مقاصد اور حکمت عملی کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے جو تمام بنی نوع انسان خصوصا ہمیں درپیش مسائل کا حل فراہم کرتی ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم قربانی، اتحاد اور نظم وضبظ کی عظیم خصوصیات کے فروغ کیلئے تمام مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی تعصبات ترک کردے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں نے ثابت کیا ہے کہ سچائی کو دوام حاصل ہے اور جھوٹ فنا ہوجاتاہے۔

ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے

 اسلام آباد (ڈی این ڈی) ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے اس سلسلے میں سیکیورٹی کے پیش نظر مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل اور ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ھے۔ملک بھر سے تمام شہروں کے جلوس اپنے روایتی راستوں سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہونگے، جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور حساس مقامات پر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ھے۔وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا جو پورے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا، جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سندھ میں 10 محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رکھی جائے گی۔ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 4 ہزار 281 ماتمی جلوس برآمد ہونگے اور 14 ہزار 563 مجالس منعقد کی جائیں گی ۔کراچی میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جو حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے تین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے ہیں، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے چار سو تہتر مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور اور راولپنڈی سمیت 10 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ان اضلاع میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر رکھے ہیں۔لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے جو مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی گزرگاہوں کی اطراف سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق شہر میں یوم عاشور پر پولیس کے 6 ہزار اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ حساس مقامات پر پولیس کے علاوہ ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں۔ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 50 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جب کہ محرم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جا رہی ھے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سی سی پی او کے مطابق پشاور میں تقریبا 120 ماتمی جلوس اور 300 سے زیادہ مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔سی سی پی او کے مطابق محرم الحرام میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر فاٹا کے ساتھ سرحد پر پولیس تعینات کی جائے گی۔ پشاور میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینہ ہال سے برآمد ہوگیا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

ملک بھر کے مختلف حصوں میں انسداد پولیو مہم(کل ) پیر کو شروع ہوگی

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (ڈی این ڈی ) حکومتی خبر رسا ں ادارے کی خبر کے مطابق ملک بھر کے مختلف حصوں میں انسداد پولیو مہم(کل ) پیر کو شروع ہوگی۔ جس کا مقصد اس مرض کاخاتمہ ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب کے چار اضلاع ملتان، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، حافظ آباد اور راجن پور میں بھی چار روزہ انسداد پولیو مہم پیر کو شروع ہوگی۔خیبرپختونخوا میں پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران تقریباً 56لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے

فاطمہ ادبی فورم کی چوتھی نشست اور مشاعرہ کا اہتمام اور تصویری جھلکیاں

فاطمہ ادبی فورم کی چوتھی نشست اور مشاعرہ کا اہتمام اور تصویری جھلکیاں
لاہور (ڈی این ڈی )16 ستمبر 2017 علم و ادب کے فروغ کی جانب گامزن علمی اور ادبی سماجی تنظیم ،فا طمہ ادبی فورم کی چوتھی نشست میں مشاعرہ کا اہتمام کیا گیاجسکی صدارت محترمہ شاہینہ کشور صاحبہ نے کی اور مہمان خصوصی ولایت احمد فاروقی صاحب تھے مہمان اعزاز ممتاز راشد لاہوری صاحب تھے۔ پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا بعد میں کلام اقبال سنایا گیا ۔ تمام مہمانوں نے اپنی شاعری کے ذریعے اعلی خیالات کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کے کلام کو سراہا۔ ممتاز راشد لاہوری صاحب نے اپنے خیالات کا شعری مجموعہ اپنی کتاب ( رُکے ہوئے آنسو) مہمانوں کو پیش کی جو خیال و فن کا ایک بہترین شاہکار ھے۔ولایت فاروقی صاحب نے انور علی بھٹی صاحب کی کتاب (اِنشائیہ دے انگ)پیش کی۔ فاطمہ صاحبہ نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے ْ یوں فاطمہ ادبی فورم کی چوتھی نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

ازبک سفیر کی پاکستانی قومی سلامتی کے سفیر کوتاشقند میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت 

ازبک سفیر کی پاکستانی قومی سلامتی کے سفیر کوتاشقند میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت
اسلام آ با د(ڈی این ڈی) پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقو نے جمعہ کے روز پاکستان کے قومی سلامتی کے سفیر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نصیر خان جنجوعہ سے ایک ملاقات کی اور تاشقند ازبکستان میں سیکورٹی کے مستقل استحکام پر پر ہونے والی بین الااقوامی اعلی سطع کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی دعوت دی جو 9 نومبر2017 کو ہو رہی ھے۔تفصیلات کے مطابق ازبک سفیر فرقت صدیقو نے جنجوعہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ازبک حکومت پاکستان کے ساتھ سیاسی ،دفاعی، اور اقتصادی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔جنجوعہ نے بھی ازبکستان کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کے سلسلے میں یقین دہانی کرائی۔یاد رہے کہ پاکستان اور ازبکستان دونوں ممالک کئی سالوں سے شاندار سفارتی تعلقات رکھتے ہیں ۔ازبک سفیر نے پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی برطانیہ میں دفاعی و سکیورٹی آلات بارے بین الاقوامی نمائش میں شرکت

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (ڈی این ڈی ) حکومتی خبر رسا ں ادارے کی خبر کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے برطانیہ میں دفاعی و سکیورٹی آلات کی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر جو برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، نے جمعہ کو دفاعی وسکیورٹی آلات کی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی اور نمائش میں پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا جہاں پر انہیں پاکستانی مصنوعات پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے نمائش میں ترک کمپنی کے سٹال کا دورہ بھی کیا ۔ رانا تنویر نے برطانوی سٹال پر نگرانی کے نظام میں گہری دلچسپی لی ۔وفاقی وزیر نے برطانوی ایرو سپیس اور الیکٹرانکس آلات کو بھی سراہا۔

رہنما آنگ سان سوچی نے آئندہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

رنگون ۔ 13 ستمبر (ڈی این ڈی ) میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے حالیہ بحران سے نمٹنے میں ناکامی پر ہونے والی تنقید کے بعد رہنما آنگ سان سوچی نے آئندہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق آنگ سان سوچی کو مغرب کی جانب سے میانمار میں جاری تشدد کے خلاف آواز نہ اٹھانے پر تنقید کا سامنا ہے خیال رہے کہ میانمار کی ریاست راخائن میں جاری تشدد کے بعد ایک اندازے کے مطابق 3,70,000 روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لی ہے۔میانمار کی حکومت کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا آنگ سان سوچی اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی جہاں انھوں نے گذشتہ برس خطاب کیا تھا۔آنگ سان سوچی کے ایک اور ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا شاید سوچی کو یہاں زیادہ اہم امور نمٹانا ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ (سوچی) خود پر ہونے والی تنقید یا مسائل کا سامنے کرنے سے گھبراتی نہیں ہیں۔